
غزہ کی نصف آبادی بے روزگار،60فیصدگھرانو ں کو خوراک کی کمی کا سامنا،مظاہروں میں زخمی ہزاروں افراد میں سے بہت سوں کو اعضا کاٹے جانے کا خطرہ
شدید بیماریوں میں مبتلا لوگ اپنا علاج کرانے سے محروم، خطرات کا شکار افراد کی زندگیاں بچانے کیلئے 348 ملین ڈالر کی ہنگامی طور پر ضرورت ہے،اقوام متحدہ
نیویارک(نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینی انسانی ہمدردی کے بحران کا سامنا کر رہے ہیں اور سب سے زیادہ خطرے کا سامنا کرنے والے افراد کی زندگیاں بچانے کیلئے 348 ملین ڈالر کی ہنگامی طور پر ضرورت ہے، رابطہ کار جیمی میک گولڈرک نے کہا ہے کہ غزہ کی نصف آبادی بے روزگار ہے، اس تعداد میں 30 سال سے کم عمر کے ہر 10 میں سے 7 نوجوان ایسے ہیں جن کے پاس کوئی روزگار نہیں، بیشتر لوگوں کے پاس کھانے کو مناسب خوراک نہیں، وہاں کے تمام گھرانوں میں سے 60 فیصد کو خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شدید بیماریوں میں مبتلا لوگ اپنا علاج نہیں کروا سکتے، مظاہروں کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہزاروں لوگوں میں سے بہت سوں کو اپنے اعضا کاٹے جانے کا خطرہ ہے کیونکہ اعضا کو کٹنے سے بچانے کے لیے جن ادویات، طبی آلات اور ڈاکٹروں کی ضرورت ہے وہ دستیاب نہیں ہیں۔


































