
غزہ : النصیرات کیمپ پر وحشیانہ حملے میں شہدا کی تعداد دو سو چوہتر تک جاپہنچی۔ سات سو افراد زخمی ہوئے، کئی کی حالت نازک ہے۔ صیہونی فوج نے گذشتہ روز النصیرات کیمپ کے علاقے دیر البلاح میں بدترین درندگی کا مظاہرہ کیا۔ صیہونی فوج نے دیرالبلاح کے اسپتال الاقصیٰ کے اطراف پناہ گزین بے گھروں پر شدید گولہ باری کی۔ فضا سے میزائل بھی داغے گئے۔ حملے کے کئی زخمی جام شہادت نوش کرگئے جبکہ کئی کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
سات اکتوبر سے جاری حملوں میں شہدا کی تعداد سینتیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ سینکڑوں افراد قتل کرکے بھی صیہونی فوج کی خون کی پیاس نہیں بجھی۔ اور اس نے دیر البلاح اور البریج میں حملے جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ ترجمان کاکہنا ہےکہ جنگی طیارے مقررہ اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔
ادھر نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے آپریشن میں امریکا نے اسرائیل کو انٹیلی جنس اور لاجسٹک تعاون فرام کیا۔ جبکہ بعض رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فضائی حملے کے بعد امریکی امدادی گاڑیوں کے ذریعے آپریشن میں حصہ لیا۔


































