
نیویارک : امریکہ میں غزہ جنگ کے بعد اسلام و مسلم دشمنی کے علاوہ عرب دشمنی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔دی کونسل آن امیریکن اسلامک ریلیشنز کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال امریکا میں مسلم اور عرب دشمنی کے آٹھ ہزار چھ سو پینسٹھ واقعات پیش آئے۔ جو دو ہزار تئیس کے مقابلے میں سات اعشاریہ چار فیصد زیادہ ہیں۔ جبکہ یہ انیس سو چھیانوے کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملازمت کے دوران سب سے زیادہ امتیازی سلوک کے واقعات پیش آئے۔ جو پندرہ اعشاریہ چار فیصد رہے۔ امیگریشن اور سیاسی پناہ سے متعلق چودہ اعشاریہ آٹھ فیصد شکایات سامنے آئیں۔ جبکہ نفرت انگیز جرائم کی شرح سات اعشاریہ پانچ فیصد رہی۔ رپورٹ میں فلسطینی حامی اور جنگ مخالف مظاہرین پر یونیورسٹیوں میں پولیس کے ہاتھوں کریک ڈاون کی تفصیلات کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔


































