
نیویارک: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کو تاریخ کی بدترین صورت حال قرار دیا۔ انتونیو گوتریس نے امریکی نیوز ایجنسی اے پی کو انٹرویو میں کہاکہ یہ سوچنا غیر حقیقت پسندانہ ہے کہ اقوام متحدہ علاقے کا انتظام سنبھال کر یا امن فوج فراہم کرکے غزہ کے مستقبل میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہے۔ کیونکہ اسرائیل کا اقوام متحدہ کے کردار کو قبول کرنے کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کسی بھی جنگ بندی کی حمایت کے لیے دستیاب ہوگا۔ سیکریٹری جنرل نے غزہ میں ہلاکتوں اور تباہی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اس وقت جن مصائب کا شکار ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ طویل عرصے سے مشرق وسطیٰ میں امن کا خطرہ بننے والے مسئلے کا دو ریاستی حل ہی واحد اور قابلِ عمل حل ہے۔


































