
نئی دہلی: بھارت کے مرکزی تحقیقاتی ادارے ، سی بی آئی نے روس یوکرین جنگ کے لیے ہندوستانیوں کی غیر قانونی بھرتی کرنے والے چار رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ ہندوستانیوں کو اچھی نوکری اور بہتر مستقبل کا خواب دکھا کر روس بھیجنے والا ایک گروہ پکڑا گیا ہے۔ سی بی آئی کے مطابق اس نے روسی وزارت دفاع کے ایک کنٹریکٹ مترجم سمیت چار افراد کو روس-یوکرین جنگی علاقے میں ہندوستانی شہریوں کو اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ مرکزی ایجنسی نے کہا کہ ارون اور یسوداس جونیئر، دونوں کیرالہ کے ترواننت پورم کے رہنے والے ہیں۔ جب کہ روسی وزارت دفاع میں کنٹریکٹ پر ملازم نجل جوبی بینسم اور ممبئی کے رہنے والے انتھونی مائیکل ایلنگوین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ تمام افراد کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ سی بی آئی نے ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ، "یہ انسانی اسمگلر ایک منظم نیٹ ورک کے طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ یوٹیوب جیسے سوشل میڈیا چینلوں اور اپنے مقامی رابطوں اور ایجنٹوں کے ذریعے روس میں بہت زیادہ معاوضے کی نوکریوں کا جھانسہ دے کر ہندوستانی شہریوں کو راغب کر رہے تھے۔


































