
پیرس : کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے سے متعلق قانون اور دیگر پابندیوں کے خلاف فرانس بھر سے مظاہرین پیرس کی جانب روانہ ہوگئے۔ امریکا سے متصل سرحد پر ٹریفک کو متاثر کرنے والے کینیڈین ٹرک ڈرائیورز سے متاثر ہوکر فرانسیسی مظاہرین بایون، پرینیا، لیون، لیلی، اسٹراس برگ اور دیگر مقامات سے دارالحکومت کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک ہزار 800 گاڑیاں دارالحکومت میں داخل ہوچکی ہیں۔مظاہرین میں ویکسین کی مخالفت کرنے والے کارکنان شامل ہیں، لیکن کچھ لوگ توانائی کی قیمت میں تیزی سے اضافے پر بھی خفا ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس عمل سے کم آمدن والے خاندان شدید متاثر ہو رہے ہیں۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت عوامی مقامات پر داخلے کے لیے ویکسین پاس کی شرط واپس لے اور توانائی کے بلوں میں ان کی مدد کی جائے۔


































