
تہران : صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے مسلسل اپنے وعدوں کی پاس داری کی اور جنگ کو ٹالنے کے لیے ہر راستہ تلاش کیا ہے۔ ایران کو جبر کے ذریعے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا وہم کے سوا کچھ نہیں۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ سفارت کاری میں ایک دوسرے کا احترام کرنا جنگ کرنے سے زیادہ سمجھ داری، محفوظ اور دیرپا طریقہ ہے ، ایران کی طرف سے تمام راستے کھلے ہیں۔
ادھر پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سے تہران میں ملاقات ہوئی جس میں ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان کے ثالثی کردار کو بھی سراہا گیا۔ ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ مذاکرات اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانا خطے کے مفاد میں ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات میں پاکستانی حکام کے مؤقف اور پیغامات ایرانی قیادت تک پہنچائے۔ انہوں نے خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں بات چیت اور مفاہمت کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات اور علاقائی استحکام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔


































