
کوئٹہ: بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سبی کے نگو پہاڑی کے علاقے کے قریب آپریشن کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران امن دشمنوں نے بھاگنے کی کوشش کی، بھاگتے ہوئے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں بی این اے سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پیر جان، راکئی کلھوئی، نصیب اللہ بنگلزئی عرف جہانگیر شامل ہیں۔ دہشتگرد سبی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ یہ دہشتگرد 20 جنوری کو لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں بھی ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے سپاہی نثار نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ دو سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔


































