
گلگت: مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ نوجوان قوم و ملک کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں۔ بلند پروازی، حوصلوں، امنگوں اور منزل تک پہنچنے کے عزائم کا دوسرا نام نوجوانی ہے۔ کسی بھی قوم و ملک کی ترقی و زوال، کامیابی و ناکامی اور فتح و شکست میں نوجوانوں کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ وحدت ہاﺅس گلگت میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہاکہ کسی بھی قوم و ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی ترقی کا بیڑا اپنے سر پر اٹھاتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کے منزل تک پہنچنے میں حائل نہیں ہوسکتی۔ پاکستان میں موجودہ حالات میں حقیقی آزادی کی تحریک میں بھی نوجوانوں کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کے عوام اپنی حقیقی آزادی کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ نوجوان جب اپنے بارے میں نہیں سوچتے ہیں تو استعماری طاقتیں ان قوموں اور ملکوں کیلئے اپنے فیصلے مسلط کرتی ہیں۔ آج ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک عروج پر ہے تو اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ اس ملک کے فیصلے ہمیشہ واشنگٹن اور لندن میں ہوتے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج مجلس وحدت مسلمین پاکستان عمران خان کے ساتھ حقیقی آزادی کی تحریک میں شامل ہے تو اس کی بنیادی وجہ وہی بیانیہ ہے، جو ہم ایک عرصے سے کہتے آئے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے علامہ سید راحت حسین الحسینی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقے کے مسائل، ملکی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔


































