
قاہرہ : بورڈ آف پیس کے ایلچی نکولے ملادینوف نے غزہ پر اسرائیلی حملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہےکہ پائیدار امن کے لیے تمام فریقوں کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا ہوگا۔ بورڈ آف پیس کے ایلچی نکولے ملادینوف نے کہا کہ تمام فریق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع امن منصوبے اور شرم الشیخ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب بورڈ آف پیس، مصر، ترکیہ، قطر اور امریکہ فلسطینی دھڑوں کو امن روڈ میپ پر متفق کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ امن منصوبے پر مکمل عملدرآمد کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقل امن کا حصول مشکل ضرور ہے، لیکن اگر تمام فریق سنجیدہ کوشش کریں تو یہ ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم ثالث ممالک اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ملادینوف کے مطابق اس منصوبے میں شہری انتظامیہ کی منتقلی اور ہتھیاروں کو ختم کرنے کا لائحۂ عمل شامل ہے۔


































