
ریاض : سعودی عرب ۔ قطر اور عرب امارات نے اپنی سرزمین پر بڑی تباہی کے خوف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کیخلاف کارروائی نہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا۔ امریکی ویب سائٹ ایگزیوس سے منسلک اسرائیلی صحافی باراک رویڈ نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر نے ایران پر حملے سے چوبیس گھنٹے قبل قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور اماراتی صدر محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ رپورٹ کے مطابق تینوں عرب سربراہان نے امریکی صدر پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کوموقع دیں اگر امریکا نے ایران پرحملہ کیا تو قیمت انہیں چکانا پڑے گی۔
اسرائیلی صحافی کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران پر حملے کے حامی اپنے ساتھیوں کو صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ خلیجی ممالک ایران پر حملے کے ردعمل میں اپنی آئل اینڈ انرجی تنصیبات کی تباہی نہیں چاہتے۔ جس کے بعد ٹرمپ نے ایران پر طے شدہ حملہ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے اور قابل قبول معاہدہ طے نہ پایا تو امریکا فوری طور پر ایران کے خلاف بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی شروع کر سکتا ہے۔


































