
جنیوا: عالمی ادارۂ صحت نے غزہ میں شدید گرمی سے صحت کے نئے بحران سے خبردار کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے رچرڈ پیپرکورن نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اس وقت شدید گرمی ہے جو اسرائیلی بمباری اور اس کی افواج کی حماس سے شدید لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے لیے صحت کے مسائل بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں صاف پانی، خوراک اور طبی سامان کی کمی کی وجہ سے صحتِ عامہ کا ایک بڑا بحران سر پر منڈلا رہا ہے۔ پیپرکورن نے کہا کہ غزہ میں پانی اور صفائی کی خراب صورتِ حال کی وجہ سے اسہال کے کیسز کی تعداد معمول سے 25 گنا زیادہ تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے گذشتہ ہفتوں اور مہینوں میں بڑے پیمانے پر نقلِ مکانی دیکھی ہے اور ہم جانتے ہیں کہ گرمی اور نقلِ مکانی بیماریوں میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔


































