
اسلام آباد: بھارتی جیل میں قید پاکستانی شہری کو ماورائے عدالت قتل کرنے پر پاکستان نے مودی سرکار سے شدید احتجاج کیا ہے، بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے واقعے پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستانی قیدی علی حسین کو جعلی مقابلے میں مارا گیا، علی حسین 2006 سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی کوٹ بھلوال جیل میں قید تھے۔ گزشتہ سال بھی بھارت میں اسی طرح پاکستانی قیدی کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا تھا۔ بھارت میں پاکستانی قیدیوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کا سلسلہ طویل عرصہ سے جاری ہے۔


































