
قاہرہ : مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ فلسطینیوں کی بے دخلی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسی کسی بھی کوشش سے خطے میں عدم استحکام بڑھے گا، فلسطینی کاز ختم ہوگا۔
مصری وزارتِ خارجہ کے مطابق بدر عبدالعاطی اور امریکی ایلچی اسٹیووٹکوف کے درمیان فون پر بات چیت میں غزہ کی تازہ صورتحال، علاقائی کشیدگی میں کمی اور ایران کے ایٹمی معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدرعبدالعاطی نے زور دیا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں کیونکہ ان کے شدید انسانی نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی بے دخلی پورے خطے میں بنیادی عدم استحکام کا سبب بنے گی اور فلسطینی کاز کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔ مصری وزیر خارجہ نے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کے راستوں کی فراہمی اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر بھی زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ حالیہ رابطوں پر امریکی ایلچی کو اعتماد میں لیا، جس میں یو این پابندیوں کے اسنیپ بیک میکنزم کے مؤخر ہونے اور ایران، امریکا کے مذاکرات کی بحالی پر گفتگو شامل تھی۔


































