
برسلز : یورپ نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کے مسئلے پر امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات میں اسے بھی شامل کیا جائے۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے یہ تازہ مطالبہ جرمنی کے ذریعے امریکا سے کیا ہے۔ جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کو یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کا پیغام پہنچایا۔ اپنے پیغام میں جوزپ بوریل نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یورپ کی نشست بھی ہونی چاہیے۔یورپی یونین کے بغیر یورپ میں سلامتی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ اس مسئلے پر ان شراکت داروں کو بھی شامل کیا جائے جو سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ امریکہ اور روس کے درمیان یوکرین سمیت مختلف موضوعات پر مذاکرات 10 جنوری کو منعقد ہوں گے۔


































