
اسلام آباد : پاکستان میں سیلاب کے بعد پھوٹنے والے وبائی امراض میں اضافہ ہوگیا۔ تین سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ پاکستان میں بدترین سیلاب کے بعد سے ابھی بھی اکثر علاقوں میں پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے جلد اور آنکھوں کی بیماریوں سمیت ڈائیریا، ملیریا اور ڈینگی سے بڑی تعداد میں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ یکم جولائی کے بعد سے صوبہ سندھ میں سیلاب سے پھوٹنے والے امراض کی وجہ سے اب تک 316 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 17 ہزار دو سو 85 ملیریا کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے عارضی بنیادوں پر ان علاقوں میں پانچ ہزار معالجین کو بھی بھرتی کیا گیا ہے جہاں وبائی امراض کی شرح زیادہ ہے۔


































