
ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کا خاتمہ اور مستقل جنگ بندی سعودی عرب کی ترجیح ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ماسکو میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مملکت کا سب سے بڑا مقصد فلسطین میں امن کا قیام ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیل غزہ اور اس کے عام شہریوں کو کچل رہا ہے۔ یہ مکمل طور پر غیر ضروری اور ناقابل قبول عمل ہے۔ جسے رکنا چاہیے۔
اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی ممکنہ بحالی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرِخارجہ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوجاتی۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی ممکن نہیں ہے۔ سعودی عرب نے قابض اسرائیلی حکام کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند بنانے کی ضرورت ہے، مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری کے نفاذ کا مطالبہ عالمی قراردادوں کے منافی ہے۔


































