
دی ہیگ: عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو، وزیر دفاع یوآو گیلنٹ اور حماس کے سربراہ یحیی السنوار کے فوری وارنٹ جاری کرنےکا مطالبہ کردیا۔ عدالت کے ججوں کے نام خط میں کریم خان نے واضح کیا کہ وارنٹ کے اجرا میں بلا جواز تاخیر فلسطینی اراضی میں متاثرین کے حقوق پر اثر انداز ہو گی۔ کریم خان نے کہا کہ آئی سی سی کا دائرہ اختیار اسرائیلی شہریوں پر ہے جو مقبوضہ فلسطینی علاقے میں مظالم کا ارتکاب کرتے ہیں۔ انہوں نے ججوں سے کہا کہ وہ متعدد حکومتوں اور دیگر فریقوں کی طرف سے دائر قانونی چیلنجوں کو مسترد کریں۔ انہوں نے اسرائیل کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ وہ مبینہ جنگی جرائم کی خود تحقیقات کر رہا ہے۔ اسرائیل اور فلسطینی رہنماؤں نے جنگی جرائم کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ نیتن یاہو نے اپنے خلاف پراسیکیوٹر کے الزامات کو بے عزتی اور اسرائیلی فوج اور پورے اسرائیل پر حملہ قرار دیا۔ حماس نے بھی کریم خان کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے رہنماؤں کی گرفتاری کی درخواست متاثرہ کو جلاد کے برابر قرار دینے کے مترادف ہے۔


































