
قاہرہ : مصر نے غزہ میں سامان کی ترسیل کے لیے رفح سرحدی گزرگاہ دوبارہ کھولنے پر زور دیا ہے۔ جبکہ اسرائیل کا اصرار ہے کہ سامان صرف کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے ہی غزہ میں داخل کیا جائے۔ اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق مصر غزہ میں امدادی اور تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے رفح کراسنگ کھلوانا چاہتا ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق اسرائیلی موقف سے امریکہ اور امن کونسل کے اعلیٰ نمائندے کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ رفح کراسنگ اس وقت صرف محدود پیمانے پر پیدل آمدورفت کے لیے کھلی ہے۔ بیماروں، زخمیوں اور دیگر انسانی ہمدردی کے کیسز کو سخت اسرائیلی نگرانی میں وقتاً فوقتاً گزرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں فلسطینی اب بھی علاج کے لیے غزہ سے باہر جانے کی اجازت کے منتظر ہیں۔ اسرائیلی رپورٹ پر مصر نے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا۔


































