
نیویارک: ایک امریکی صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک نئی تجویز پیش کی ہے جس میں معاشی مراعات، پابندیوں میں نرمی اور مرحلہ وار مذاکرات شامل ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے صحافی الیکس مارکوارڈٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایک نیا مجوزہ فریم ورک پیش کیا ہے۔ جس پر ایک معاہدے کی صورت میں دستخط کئے جاسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نئی تجویز میں ایران کے لیے معاشی مراعات، جنگی نقصانات کے لیے مالی فنڈ، تیل کی فروخت پر اجازت نامے اور بتدریج منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ عمل مرحلہ وار ہوگا اور اس کا آغاز ایک مفاہمتی یادداشت سے کیا جائے گا۔ صحافی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں فوجی کارروائیوں کا خاتمہ اور طاقت کے استعمال سے گریز کی ضمانت دی جائے گی جبکہ مشکل معاملات کو حتمی معاہدے تک مؤخر کیا جائے گا۔ تجویز میں بحری راستوں کی بحالی اور امریکی افواج کی مرحلہ وار واپسی کی بات بھی کی گئی ہے۔


































