
ویانا : اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین انروا نے خبردار کیا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران فوجی آپریشن کے تباہ کن نتائج نکلیں گے۔ انروا نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران فوجی آپریشن بچوں کو قطرے پلانے کی صلاحیت کو متاثر کرے گا۔ ان بچوں کو قطرے نہیں پلائے جاسکتے جو اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ رہے ہوں۔ ہمیں فوری طور پر جنگ بندی کی ضرورت ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان ویکسین کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ ادھر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے انسداد پولیو مہم کیلئے مقررہ مدت کو انتہائی ناکافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی کم مدت میں پولیو ویکسی نیشن کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ ٹیڈروس نے کہا کہ مہم کے دوران ویکسینیشن کی نگرانی کی جائے گی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ جہاں بھی ضروری ہو ویکسینیشن کو ایک دن تک بڑھایا جائے گا۔ واضح رہے کہ غزہ میں کل سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم شروع ہوگی۔


































