
تہران : ایران اور امریکا کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ مذاکرات کے آغاز سے قبل ایران کو بارہ ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کیے جائیں گے۔ ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے ایک مبینہ چودہ نکاتی یادداشتِ مفاہمت کا متن شائع کیا ہے، جس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے تحت ایران کے چوبیس ارب ڈالر کے منجمد اثاثے ساٹھ روزہ مذاکراتی مدت کے دوران مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس رقم کا نصف، یعنی بارہ ارب ڈالر، مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ایران کو فراہم کیا جائے گا۔ ایران کے تیل اور پیٹرو کیمیکل برآمدات پر پابندیاں معطل کرنا بھی مسودے میں شامل ہے۔ مسودے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی بھی شامل ہے۔ مسودے کے مطابق امریکا و اتحادیوں کو ایران کی تعمیرِ نو کے لیے کم از کم 300 ارب ڈالر دینا ہوں گے۔ حتمی معاہدے میں ایران کا میزائل پروگرام اور مزاحمتی گروپوں کی حمایت شامل نہیں۔ حتمی ایران امریکا معاہدہ کی توثیق سلامتی کونسل قرارداد کے ذریعے کرنا بھی مسودے میں شامل ہے۔


































