
جدہ : صیہونی وزیر کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بیحرمتی کی مذمت میں مسلم دنیا ہم آواز ہوگئی اور اسرائیل کو سنگین نتائج سے خبردار کردیا۔ فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ صیہونی وزیرکا اقدام مسجداقصیٰ کو یہودی معبد میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہاہےکہ مسجد الاقصیٰ سمیت فلسطین کے مقامات مقدسہ کی کسی بھی طرح کی بے حرمتی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور دنیا کے مسلمانوں کے مقدسات اور اقدار کی توہین کے مترادف ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اشتعال انگیز اقدام مذہبی تقدس کےاحترام سے متعلق بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ کو مکمل تحفظ مہیّاکرنے اور وہاں خطرناک اور اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے۔ اردن کی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ عمان مسجد اقصیٰ پر حملے اور اس کے تقدس کو پامال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔


































