
اسلام آباد : پاکستانی آرمی چیف کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی افغانستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان دوحہ معاہدے کی پاسدار نہیں کر رہا اور نہ ہی ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا کر رہا ہے۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتحال مزید جاری نہیں رہ سکتی، پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا۔ پاکستان میں پچاس ساٹھ لاکھ افغانیوں کو تمام تر حقوق کے ساتھ پچاس سال سے پناہ میسر ہے۔ جبکہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشتگردوں کو افغان سرزمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کی حکومت میں اسمبلی میں آ کر ارکان کو بریفنگ دی اور افغانستان سے ٹی ٹی پی کو پاکستان لا کر بسانے کے فوائد بتائے اور پھر ہزاروں کو لے آئے وہ آج روزانہ شہید ہونے والوں کے وارثوں کو بھی کچھ بتائیں۔


































