
اسلام آباد: ملک بھر میں یوم دفاع قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ یوم دفاع کی مناسبت سے علی الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں فوج کے شہدا کے لیے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ جب کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوں گی۔ یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تبدیلی گارڈز کی تقریب میں پاک فضائیہ کے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔


































