
اسلام آباد: حکومت نے ریاست اور اداروں کے خلاف الزامات پر عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرکاری املاک اور عمارات پر جلاؤ گھیراؤ، پرتشدد سرگرمیوں اور اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات پر وفاقی حکومت نے اپنے اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ آئی ایس پی آر کے بیان کی روشنی میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے ریاست اور اداروں کے خلاف بیانات پر قانونی کارروائی کی جائے گی، کارروائی کرنے کے لیے آئینی اور قانونی ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کیخلاف قانونی ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت قانون سے رائے طلب کرلی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حاصل شواہد اور قانونی رائے کی روشنی میں عمران خان اور انکے کچھ ساتھیوں کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔


































