
نیویارک: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بنگلا دیش میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینہ شمداسانی نےکہا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بنگلہ دیش بھیجی جائے گی۔ جس کا مقصد یکم جولائی سے پندرہ اگست تک حکومت مخالف تحریک کے دوران کی گئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بنیادی وجوہات کا جائزہ لینا ہے۔ یہ ٹیم احتساب کو آگے بڑھانے اور طویل مدتی اصلاحات کے لیے سفارشات پیش کرےگی۔ ترجمان نے کہا کہ ٹیم کو عبوری حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اس کام میں مکمل تعاون کی یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔ادھر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے جبری گمشدگی سے متعلق تحقیقات کیلئے پانچ رکنی قومی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔


































