
اوٹاوا: کینیڈا نے سائبر سیکیورٹی کے معاملے میں ہندوستان کو دشمن ممالک میں شامل کرلیا جبکہ ہندوستان نے اسے بدنام کرنے کی حکمت عملی قرار دیا ہے۔ کینیڈا نے نیشنل سائبر تھریٹ اسسمنٹ رپورٹ بیس سو پچیس ۔ چھبیس جاری کردی۔ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستان کی قیادت یقینی طور پر گھریلو سائبر صلاحیتوں کے ساتھ ایک جدید سائبر پروگرام بنانے کی خواہش رکھتی ہے۔ ہندوستان اپنے سائبر پروگرام کو اپنے قومی سلامتی کے تقاضوں کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرتا ہے جس میں جاسوسی اور انسداد دہشت گردی کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ ہندوستان پر حملہ کرنے اور بین الاقوامی سطح پر اسے بدنام کرنے کی کینیڈا کی ایک اور حکمت عملی ہے۔ ترجمان نےکہا کہ کینیڈا کے سینئر حکام نے کھلے عام اعتراف کیا ہے کہ کینیڈا، ہندوستان کے خلاف عالمی رائے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


































