
اسلام آباد: عدالت نے خاتون جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کا مقدمہ خارج کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ نے کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بیانِ حلفی ہم نے دیکھ لیا ہے، عمران خان نے نیک نیتی ثابت کی اور معافی مانگی گئی، ہم توہینِ عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر کے کارروائی ختم کر رہے ہیں۔ یہ لارجر بینچ کا متفقہ فیصلہ ہے، ہم عمران خان کے کنڈکٹ سے بھی مطمئن ہیں۔ عدالتی معاون ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان نے بیانِ حلفی میں غیر مشروط معافی نہیں مانگی۔جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ اپنے تحریری معروضات جمع کرا دیں تاکہ ان معروضات کو اپنے تحریری فیصلے کا حصہ بنا سکیں۔


































