
تہران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن امریکا کے متضاد اور حد سے زیادہ مطالبات سفارتی عمل میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ تہران میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نےکہا کہ ایران تنازع کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کو اہم سمجھتا ہے، تاہم قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے دفاعی تیاریوں کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ عباس عراقچی نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے کردار کو سراہا۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں نے خطے اور عالمی امن کو سنگین خطرات سے دوچار کیا ہے، جبکہ عالمی برادری کو جارح فریقین کو جوابدہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ماضی کے تجربات کے باوجود ذمہ دارانہ انداز میں مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے، تاہم امریکا پر اعتماد کی کمی بدستور ایک بڑی رکاوٹ ہے۔


































