
لندن: فلسطینی حقوق کے لیے سرگرم ہند رجب فاؤنڈیشن نے غزہ میں مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں ایک اسرائیلی ریزرو فوجی کے خلاف انڈیا میں باضابطہ شکایت دائر کر دی ہے۔ ہند رجب فاؤنڈیشن کے مطابق دو جون کو انڈین پولیس، وزارتِ داخلہ اور بیورو آف امیگریشن کو ایک ہنگامی شکایت جمع کرائی گئی، جس میں اسرائیلی ریزرو فوجی ایتان گلبوا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ایتان گلبوا اس وقت بھارت میں چھٹیاں گزار رہا ہے اور وہ اسرائیلی فوج کی دو سو اکہتر ویں انجینیئرنگ بٹالین کے ساتھ غزہ میں خدمات انجام دے چکا ہے۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے غزہ میں رہائشی بلاکس اور شہری علاقوں کی منظم تباہی میں حصہ لیا اور ان کارروائیوں کا جشن بھی منایا۔ فاؤنڈیشن کے مطابق انڈین حکام کو ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس سمیت ایسے شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔ فاؤنڈیشن نے انڈین حکام سے متعلقہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


































