
اسلام آباد : پاکستان نے موسمیاتی تباہی سے دوچار ممالک کے نقصان کے ازالے کے لیے بین الاقوامی فنڈ کے قیام کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان کی قومی اسمبلی نے انٹر پارلیمانی یونین کو باضابطہ درخواست دی ہے کہ یونین روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں اگلے ماہ ہونے والے اجلاس میں یہ ہنگامی قرارداد منظوری کے لیے پیش کرے جس میں ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث ترقی پزیر ممالک کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے ایک بین الاقوامی فنڈ قائم کریں۔ یہ درخواست انٹر پارلیمانی یونین کے سیکریٹری جنرل کے نام سیکریٹری نیشنل اسمبلی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کی گئی ہے۔خط میں عالمی برادری کی توجہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی جانب مبذول کروائی گئی ہے۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی عمارت ترقی پزیر ممالک کی تباہی پر استوار نہیں ہوسکتی۔


































