
بیجنگ : چین نے ایران سے تیل کی خریداری پر امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ عمل قرار دے دیا ہے۔ چین کی وزارتِ تجارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل خریدنے والی چینی ریفائنریز پر عائد پابندیاں غیر قانونی ہیں۔ بیان کے مطابق بیجنگ نے ان پابندیوں کو روکنے کے لیے باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ چین نے واضح کیا کہ امریکا کے یکطرفہ اقدامات کو نہ تسلیم کیا جائے گا، نہ نافذ کیا جائے گا اور نہ ان پر عمل کیا جائے گا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق یہ پابندیاں چینی کمپنیوں کو معمول کی تجارتی سرگرمیوں سے روکتی ہیں جو بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ چینی حکومت ہمیشہ ان یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتی آئی ہے جو اقوامِ متحدہ کی منظوری کے بغیر اور بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر نہیں لگائی جاتیں۔


































