
بیروت : حماس کے ترجمان اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات سے ابھی تک کوئی مثبت اشارے نہیں ملے۔ اسامہ حمدان نے کہاکہ حماس براہ راست مذاکرات میں شریک نہیں ہے۔ اس کے پاس ابھی تک واضح نہیں ہےکہ مذاکرات میں کیا پیشرفت ہوئی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے کوئی مثبت اشارے بھی نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نئی شرائط کا اضافہ کرکے مذاکراتی عمل کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اگر مثبت اشارے ملے تو حماس مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار ہو گی۔ انہوں نے اے پی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد الضیف زندہ ہیں۔ اسرائیل نے انہیں 13 جولائی کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ حمدان نے اسرائیل پر نیک نیتی سے کام نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ حماس کو یقین نہیں ہے کہ امریکہ معاہدہ کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈال سکتا ہے یا ایسا کرے گا۔


































