
اوٹاوا : کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں گزشتہ تین ہفتوں سے سراپا احتجاج ٹرک ڈرائیوروں کے مظاہرے ختم کرانے کیلئے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مظاہرین رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔ سینکڑوں ٹرک ڈرائیور کرونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور تین ہفتوں سے پارلیمنٹ ہل کے سامنے ٹرک کھڑے کر کے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ جمعرات کی شب مظاہرین احتجاجاً ٹرکوں کے ہارن بجاتے رہے۔اس موقع پر پولیس نے پہلے سرکاری عمارتوں کی جانب جانے والے راستوں پر رکاوٹیں رکھ کرانہیں بند کردیا جبکہ ان تمام راستوں کو بھی سیل کر دیا جو ڈاؤن ٹاؤن کے علاقےکی طرف آتے ہیں جہاں مظاہرین دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ پولیس کی اس کارروائی کا مقصد کریک ڈاؤن کے دوران مظاہرین کے لیے کسی بھی قسم کی امداد کو روکنا تھا۔


































