
ویانا : اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اسرائیلی حراست میں فلسطینی قیدیوں پر تشدد، جنسی زیادتی اور غیر انسانی سلوک کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ ادارے کے ترجمان ثمین الخیطان نے بیان میں کہا کہ فلسطینی قیدیوں کے ساتھ جسمانی تشدد، جنسی زیادتی اور صنفی بنیادوں پر بدسلوکی منظم انداز میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو کم عمر بچوں سمیت قیدیوں کے ساتھ زیادتی اور ریپ کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن پر فوری احتساب ضروری ہے۔
بیان کے مطابق سات اکتوبر دو ہزار تیئیس کے بعد سے اسرائیلی حراست میں کم از کم نوّے فلسطینی قیدیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ادارے نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل بطور قابض طاقت بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور تمام تشدد، بدسلوکی اور حراست میں اموات کے واقعات کی قابلِ اعتماد اور شفاف تحقیقات یقینی بنائے۔


































