
بیروت : صیہونی فوج نے وحشیانہ حملے کرکے لبنان کے جنوبی علاقوں کو خون میں نہلادیا۔ جس میں خواتین و بچوں سمیت 270 سے زائد افراد شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اندھا دھند بم برسائے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ شہریوں پر کئے گئے سفاکانہ حملے میں سینکڑوں عمارتیں اور مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے سینکڑوں لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، مرنے والوں میں خواتین، بچے اور طبی عملے کے ارکان شامل ہیں۔ لبنانی وزیر صحت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 274 شہید ہوئے جن میں 21 بچے اور 39 خواتین شامل ہیں۔
جنگی طیاروں نے وادی بیکا میں بنت جبیل۔ عیتارون۔ مجدل سلیم۔ حولہ۔ طائر۔ اور حرباطہ سمیت مختلف علاقوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔ اسپتال زخمیوں سے بھر گئے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگری نے کہا ہے کہ جنگی طیاروں نے تین سو سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حزب اللہ کے حملے روکنے کیلئے اس کیخلاف حملوں کا دائرہ وسیع کررہے ہیں۔
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اسرائیل کے تباہ کن حملوں کی مذمت کی اور کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی جارحیت تباہی کی جنگ ہے اور ایک تباہ کن منصوبہ ہے جس کا مقصد لبنانی دیہاتوں اور قصبوں کو تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور بااثر ممالک پر زور دیا کہ وہ جارحیت کو روکیں۔


































