
تہران: سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وفد کے ہمراہ ایران کے دورے پر تہران پہنچ گئے۔ تہران پہنچنے پر ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے ان کا استقبال کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی اور انہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام پہنچایا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ولی امر مسلمین نے کہا کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں توسیع دشمنوں کو ناگوار گزر رہی ہے لیکن ان معاندانہ ارادوں پر قابو پانا ضروری ہے اور ہم اس کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے مفید ہیں۔ دونوں ممالک مل کر باہمی مفادات کے لیے کام کرسکتے ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کی سائنسی پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ان شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے مسلمان ممالک کے درمیان بھائی چارہ، تعاون اور باہمی مدد دوسروں پر انحصار کرنے سے کہیں بہتر ہے۔


































