
لندن: برطانیہ نے بنگلا دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو سیاسی پناہ دینے سے انکار کردیا ہے۔ برطانیہ کے ہوم آفس کے ترجمان نے این ڈی ٹی وی کو بتایاکہ جن لوگوں کو بین الاقوامی تحفظ کی ضرورت ہے وہ پہلے اس محفوظ ملک میں پناہ کا دعویٰ کریں جہاں وہ پہنچتے ہیں۔ یہ حفاظت کا تیز ترین راستہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کے پاس ایسے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کا ایک قابل فخر ریکارڈ ہے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ تاہم ایسا کوئی انتظام موجود نہیں کہ کسی کو سیاسی یا عارضی پناہ حاصل کرنے کے لیے برطانیہ کے سفر کی اجازت دی جائے۔ ادھر میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ امریکا نے وزیراعظم شیخ حسینہ کا ویزا منسوخ کردیا ہے۔س سے پہلے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ بنگلہ دیش میں نئی عبوری حکومت کا قیام خوش آئند ہے امید ہے تمام اقدامات بنگلہ دیش کے آئین کے مطابق ہوں گے اور وہاں امن قائم ہوگا۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش کی سلامتی اور عوامی امنگوں کے مطابق حکومت کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔


































