
غزہ : غزہ میں صیہونی فوج کی بربریت جاری ہے۔ غزہ کے بیت لاہیا شہر میں اسرائیلی حملوں میں 80 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ صیہونی جنگی طیاروں نے ہفتے کو رات گئے انتہائی گنجان آبادی والے علاقے میں بموں کی برسات کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے کئی عمارتیں اور مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسی کے قریب لاشیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تازہ ترین حملے اس شہر کے انڈونیشیا کے اسپتال میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ کی اطلاعات کے چند گھنٹے بعد ہوئے ہیں۔ غزہ کےمحکمہ صحت نے بتایا کہ بیت لاہیا میں امدادی سرگرمیاں فی الحال علاقے میں مواصلات اور انٹرنیٹ خدمات منقطع ہونے کی وجہ سے رکاوٹ ہیں۔
حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ بمباری سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔


































