
برسلز : بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر امریکا، برطانیہ اور کئی یورپی ممالک میں یوم سیاہ منایا گیا اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے زیرِ اہتمام برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس دوران ایک احتجاجی یاداشت بھی بھارتی سفارت خانے کو پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں بھارتی قونصلیٹ کے باہر سکھ برادری نے بڑا احتجاج کیا جس میں جرمنی بھر میں موجود سکھوں نے بھرپور حصہ لیا۔ احتجاج میں خواتین ،بچے، بوڑھے اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن کو یوم سیاہ طور پر منایا۔ مقررین نے یوم سیاہ کے حوالے سے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیریوں کے لئے یوم سیاہ ہے۔ ظلم و بربریت اور طاقت کے زور پر کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سےمحروم رکھنے والے کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں۔ لندن میں بھی بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر بھارتی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا گیا۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سکھوں کی بڑی تعداد نے بھارتی سفارت خانے کے سامنے جمع ہو کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔مظاھرین نے بھارتی پرچم کے ساتھ بھارتی آئین کی کاپیاں نذر آتش کیں سکھ مظاھرین کا کہنا تھا جب تک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اقلیتوں پر ظلم ستم اور امتیازی قوانین ختم نہیں کرتے احتجاج جاری رکھیں گے۔


































