
واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرائن پر روس کی ممکنہ چڑھائی کے معاملے پرکشیدگی بڑھنے پر مشرقی یورپ میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے پریس سیکریٹری جان کربی نے نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ مشرقی یورپ میں بھیجے جانے والے فوجیوں کی تعداد تین ہزار کے لگ بھگ ہے۔انھوں نے کہا کہ فوج کی مزید تعیناتی سے متعلق فیصلہ کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ یہ اقدام اتحاد کے خلاف خطرے کوروکنے اور سدِّجارحیت کے لیے ہے۔ ہم عملی طورپر کھیل میں کود پڑنے کو تیار ہیں۔ جان کربی نے بتایا کہ امریکی فوجیوں کی پولینڈ اور جرمنی میں آمد متوقع ہے۔ ہزار فوجی جرمنی سے رومانیہ میں دوبارہ تعینات ہوں گے۔ یورپ بھیجے جانے والے تین ہزار فوجی ان 8500 فوجیوں کے علاوہ ہیں جو پہلے ہی امریکا میں سخت الرٹ پر رکھے گئے تھے۔ امریکی فوجیوں کی تعیناتی اس امر کا واضح اشارہ ہے کہ امریکا کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کے لیے تیار ہے۔


































