
تہران : ولی امر مسلمین آيت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ صیہونی حکام کے ورانٹ گرفتاری کافی نہیں سزائے موت دی جانا چاہیے۔ عوامی رضا کار فورس بسیج کے ہزاروں ارکان سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ بسیجی اللہ پر توکل اور خود پر اعتماد کرتا ہے اسی لئے دشمن کے سامنے مغلوب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مکتب بسیج اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں سے آگاہ ہوتا ہے لہذا بسیجی کبھی دشمن کے سامنے مغلوب نہیں ہوتا ہے۔ بسیجی جذبہ دشمن کی تمام سازشوں اور حکمت عملیوں کو ناکام بنادے گا۔ ولی امر مسلمین نے کہا کہ عالمی استکبار اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے سب سے پہلے ملتوں اور اقوام کی توانائیوں اور صلاحیتوں کا انکار کرتے ہیں۔ مغربی استکبار کی نسبت فرعون کا کردار منصفانہ تھا کیونکہ فرعون صرف اپنی قوم پر تسلط رکھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے غزہ اور لبنان میں جو کچھ کیا وہ فتح نہیں بلکہ جنگی جرم ہے۔ اب انہوں نے ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ یہ کافی نہیں ہے۔ آج، مزاحمتی محاذ جتنا پھیل چکا ہے۔ کل اس سے کئی گنا زیادہ پھیلے گا۔ ایرانی بسیجی کو یقین ہے کہ وہ ایک دن صیہونی حکومت کو ضرور تباہ کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ احمق صیہونیوں کو یہ نہیں سمجھ لینا چاہیے کہ وہ لوگوں کے گھروں ۔اسپتالوں اور اجتماعات پر بمباری کر رہے ہیں، لہذا وہ جنگ جیت گئے ہیں۔ ایسا نہیں ہے دنیا میں کوئی بھی اس کو صیہونی کی فتح نہیں سمجھتا. ولی امر مسلمین نے کہا کہ صیہونی لبنان غزہ اور فلسطین میں اپنے جرائم کے ذریعے جو صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں حالات اس کے بالکل خلاف ہیں۔ یعنی مزاحمتی محاذ کو مزید تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں دشمن کی جیت ہوئی ہے اور نہ ہی وہ جیت سکے گا۔


































