
ڈھاکا: بنگلادیش میں حالات معمول پر آنے لگے۔ عبوری حکومت کے نامزد سربراہ محمد یونس کل ڈھاکا پہنچیں گے۔ ڈھاکا میں ایک ہفتے سے جاری ہنگاموں کے بعد صورتحال نارمل ہورہی ہے۔کرفیو اٹھالیا گیا ہے۔ تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز کھل گئے۔ عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے شہریوں سے پُرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اس موقعے کو ملکی تعمیر کے لیے بروئے کار لائیں۔ اگر ہم نے تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ہر شے تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نےکہاکہ وہ عبوری مدت کے بعد کسی منتخب کردار یا تقرری کے خواہاں نہیں ہیں۔ بنگلادیش کی تعمیر نو کے کام کے لیے تمام فریقین سے بات کریں گے۔ طلبہ تحریک کے رہنما ناہید الاسلام نے صحافیوں کو بتایا کہ عبوری حکومت کی انتظامیہ اگلے 24 گھنٹوں میں حلف اُٹھائے گی۔ ادھر گزشتہ روز عہدے سے ہٹائے گئے انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ضیاء الحسن کو طیارے سے گرفتار کرکے اتار کر ڈھاکا چھاؤنی منتقل کردیا گیا ہے۔ وہ امارات ایئرلائن کی پرواز سے دبئی جارہے تھے۔


































