
راہ فتح” کے نام سے مظاہروں میں بڑی تعدادمیں لوگوں کی شرکت، ملک پر مسلط شاہی خاندان کے خلاف نعرے، انقلابی تحریک جاری رکھنے کا عزم
طلبہ و طالبات کلاسوں کا بائیکاٹ کریں گے، گھروں کی لائٹیں بند کردی جائیں گی، دوکانیں اور کاروباری مراکز بندرہیں گے، انقلابی تنظیموں کی اپیل
مناما(نیوز ڈیسک)بحرین میں انقلابی تحریک کی نویں سالگرہ کے موقع پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے، انقلابی تنظیموں نے عوام سے سول نافرمانی کی اپیل کی ہے، عوام نے ” راہ فتح” کے نام سے کئے گئے مظاہروں میں ملک پر مسلط شاہی خاندان کے خلاف نعرے لگائے اور آمریت کے خاتمے تک انقلابی تحریک جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا، بیانات میں کہا گیا ہے کہ طلبہ و طالبات کلاسوں کا بائیکاٹ کریں گے، گھروں کی لائٹیں بند کردی جائیں گی، دوکانیں اور کاروباری مراکز بند اور شہید النمر کے نام سے منسوب بحرین اور سعودی عرب کو ملانے والے پل پر آمد و رفت معطل رہے گی،انقلابی تحریکوں اور تنظیموں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر ہونے والے پرامن مظاہروں میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے جمہوری حقوق کے حصول کی جدوجہد کو کامیاب بنائیں،بحرین کے عوام14 فروری2011 سے انقلابی تحریک چلا رہے ہیں جس کا مقصد ملک پر مسلط خاندانی آمریت کا خاتمہ کر کے مکمل جمہوری حکومت قائم کرنا ہے،آل خلیفہ خاندان نے اپنی آمریت کو بچانے کے لیے مختلف انقلابی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں سمیت ہزاروں افراد کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کر رکھا ہے، حکومت ملک میں آبادی کا تناسب بھی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے تحت آمریت مخالفین کی شہریت منسوخ اور دیگر ملکوں کے شہریوں کو بحرین کی شہریت دی جا رہی ہے۔


































