
دوحہ: عرب لیگ نے جنوبی لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں جاری جنگ مزید علاقوں تک پھیل جائے گی۔ عرب لیگ نے ایک بیان میں کہا کہ نباطیہ اور ملحقہ قصبوں میں شہریوں کو نشانہ بنانا لبنان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عرب لیگ نے اسرائیلی حملوں کو خطرناک کشیدگی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تنازع کے حل کے لیے جاری کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی پالیسیاں مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے اور زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش ہیں۔ عرب لیگ نے عالمی برادری، بالخصوص امریکا، سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو فوری طور پر حملے روکنے اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے۔


































