
غزہ : شمالی غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔ بمباری اور میزائل حملوں میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ صیہونی جنگی طیاروں اور ڈرونز نے بیت لاہیہ۔ نصیرات۔ جبالیہ اور غزہ سٹی میں پرہجوم رہائشی مقامات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ حملوں میں کئی عمارتیں تباہ اور بے یارومدگار فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے۔ادھر شمالی غزہ میں صیہونی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور مزاحمت کار صیہونی فوج کو بھاری نقصان پہنچارہے ہیں۔
القسام بریگیڈ سے جھڑپوں میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے تسلیم کیا کہ غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 6 کرنل سمیت 780 اعلیٰ افسران و اہلکار اور 68 پولیس اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے امریکی ڈیڈ لائن کے باوجود خوراک اور دوسری امداد اب تک شمالی غزہ میں پہنچنے نہیں دی جس سے صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری حالیہ اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ اکتوبر کے آخر تک روزانہ اوسطاً صرف 71 ٹرک غزہ میں داخل ہو رہے تھے جو غزہ کی 23 لاکھ کی آبادی کے لیے ناکافی ہیں۔ دوسری جانب غزہ میں انسداد پولیو مہم ایک بار پھر شروع ہوگئی ہے۔


































