
کربلا : ایران اور عراق سمیت دنیا کے کئی ممالک میں چہلم امام حسین علیہ السلام مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ عراق کے شہر کربلا معلیٰ میں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عزاداروں نے جناب سیدہ کو ان کے لعل کا پرسہ دیا۔ لاکھوں عزادار پیادہ روی کرتے ہوئے نجف سے کربلا پہنچے۔ پیروان حسینی کا یہ امڈتا سیلاب ملک بھر میں عشق حسینی کے بے مثال اظہار کا نمونہ ہے۔ 80 کلومیٹر کے پورے راستے میں مہمان نوازی کا ناقابل تصور مظاہرہ دیکھا گیا۔ سرکاری اعداوشمار کے مطابق رواں سال دو کروڑ چودہ لاکھ اسی ہزار عزاداروں کی کربلا آمد ہوئی۔ جس میں تینتیس لاکھ ایرانی بھی شامل ہیں۔ شب اربعین اسی لاکھ سے زائد عزادار کربلا میں موجود تھے۔ عراقی بارڈر کراسنگ آرگنائزیشن کے ترجمان علاء الدین القیسی نے بتایا کہ یکم سے 19 صفر تک اس ملک میں داخل ہونے والے غیر عراقی زائرین کی تعداد 30 لاکھ 413 ہزار 63 سے تجاوز کر گئی ہے۔ چہلم امام حسین کی مناسبت سے ایران کے مختلف حصوں میں اربعین مارچ ہوئے۔


































