
راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت تیسرے روز پی ٹی آئی کے چھ رہنماؤں، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس سمیت درجنوں کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں دیں۔ علامہ راجہ ناصر سمیت کچھ رہنماؤں اور کارکنوں کو پولیس نے کچھ دور جاکر رہا کردیا جبکہ 47 رہنماؤں اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے جیل میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں گرفتاریوں کے لئے نماز جمعہ کے بعد کمیٹی چوک پر قائدین اور کارکنان جمع ہوئے۔ جہاں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، رہنما پی ٹی آئی عامر کیانی نے کارکنان کی حوصلہ افزائی کیلئے تقاریر کیں اور گرفتاریاں دیے بغیر واپس چلے گئے۔ کارکنان کے کمیٹی چوک پہنچنے کے بعد پولیس نے مائیکرو فون پر گرفتاری کے خواہش مند کارکنان کو مطلع کیا کہ قیدی وینز موجود ہیں، جو بھی گرفتاری دینا چاہتا ہے وہ بس میں سوار ہوجائے۔پولیس نے کارکنان کی آمد کے ساتھ ہی پہلے قیدی وین کا دروازہ کھول دیا،جسکے کارکنان نے رضاکارانہ گرفتاریوں کا آغاز کیا اور قیدی وین میں چڑھ کر بیٹھ گئے،پہلی قیدی وین کی روانگی سے قبل سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کمیٹی چوک پہنچے اور قیدی وین میں بیٹھ گئے۔


































