
عمان: عرب لیگ کے آٹھ رکن ممالک نے شام میں بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد پرامن انتقال اقتدار کی حمایت پر اتفاق کرلیا۔ اردن کے بندرگاہی شہر عقبہ میں منعقدہ اجلاس کے بعد اردن، سعودی عرب، عراق، لبنان، مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں قومی اداروں کی بحالی، ملک کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور محفوظ اور باوقار زندگی کے لیے شامی شہریوں کی خواہشات کی حمایت پر زور دیا گیا ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیاہے کہ تمام سیاسی اور سماجی فورسز کو نئی شامی حکومت میں حصہ ملنا چاہیے۔ اعلامیے میں کسی قسم کے نسلی، فرقہ وارانہ یا مذہبی تفریق سے خبردار کیا گیا ہے۔ وزرائے خارجہ نے فوجی کارروائیاں بند کرنے، شام کے ریاستی اداروں کے تحفظ اور دہشت گردی سے نمنٹے کی کوششوں، انسانی امداد کی فراہمی اور پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ وزرائے خارجہ کے اس اجلاس میں شام کے اتحاد، خودمختاری اور تعمیر نو میں مدد کا بھی عہد کیا گیا ہے۔


































